مسلسل نظرانداز کئے جانے پر امین فہیم کا فارورڈ بلاک بنانے کا امکان
اسلام آباد (نوخیز ساہی/ نیشن رپورٹ) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مخدوم امین فہیم پارٹی کے رویے سے مایوس ہو کر فارورڈ بلاک بنا سکتے ہیں۔ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی بہن فریال تالپور سے اختلافات شدید ہونے کے بعد مخدوم امین نے پرویز مشرف اور پیر پگاڑا سے ملاقات بھی کی ہے۔ باخبر ذرائع نے ’’دی نیشن‘‘ کو بتایا امین فہیم پارٹی قیادت سے نالاں ہیں۔ پارٹی کے قائدین نے فریال تالپور کے دبائو پر عام انتخابات میں انہیں نظرانداز کئے رکھا اور سابق وفاقی وزیر کھیل پیر آفتاب شاہ، پیر فضل شاہ اور غلام علی نظامی سمیت انکی جانب سے تجویز کردہ افراد کو ٹکٹ بھی نہیں دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مخدوم امین فہیم اپنے بیٹے مخدوم جمیل الزماں کو سندھ کا وزیراعلیٰ بنانے کے خواہشمند تھے لیکن پارٹی نے انکے بیٹے کو سندھ کابینہ کا کوئی فعال پورٹ فولیو دینے سے بھی گریزکیا۔ ذرائع کے مطابق امین فہیم نے شیری رحمان کو نائب صدر بنانے کے بعد پارٹی کے اجلاس میں جانے سے گریز شروع کر دیا ہے۔ امین فہیم پارٹی کی جانب سے اپنے خلاف مقدمات ختم کرانے کیلئے حکومت پر دبائو کے بھی خواہشمند تھے لیکن پارٹی نے پارلیمنٹ کے اندر یا باہر ان پر مقدمات کیخلاف آواز نہیں اٹھائی۔ حال ہی میں سانحہ پشاور کے بعد بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ہدایت کے باوجود وہ اے پی سی میں شرکت کیلئے پشاور بھی نہیں گئے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے اندرونی حلقوں اور پنجاب میں امین فہیم کی عزت کی جاتی ہے اور وہ پارلیمنٹیرنز کی اچھی تصاویر کے ساتھ فارورڈ بلاک کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ فریال تالپور کے پارٹی پر اثر ورسوخ اور پنجاب کی پارٹی قیادت کے رویے پر یوسف رضا گیلانی بھی پریشان ہیں۔ فاورڈ بلاک سامنے آنے پر انکے امین فہیم کا ساتھ دینے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ پیر پگاڑا اور امین فہیم اگلے الیکشن سے قبل نئے اتحاد کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔