نیوزی لینڈ سے شکست پریشان کن نہیں، تجربات کامیاب رہے : باسط علی ،ہارون رشید
لاہور (نمائندہ سپورٹس) نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ناکامی پریشان کن نہیں ہے۔ اس سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے مختلف تجربات کئے جو کسی حد تک کامیاب بھی رہے۔ صورتحال واضح ہو چکی ہے۔ 2015ء عالمی کپ کیلئے سکواڈ کو حتمی شکل دینے میں آسانی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار جونیئر سلیکشن کمپنی کے سربراہ باسط علی نے نوائے وقت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ میں بائولنگ کرتے دکھائی دیں گے۔ ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ پی سی بی ہارون رشید کا کہنا تھا کہ کیویز کے خلاف سیریز میں مختلف کھلاڑیوں کو آزمایا گیا اور تجربات کامیاب رہے۔ عالمی کپ کیلئے حتمی سکواڈ میں آسانی ہو گی۔محمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کا زیادہ مسئلہ نہیں ۔ سعید اجمل جیسے جیسے کھیلتے جائیں گے کارکردگی بہتر ہو گی۔ سابق چیف سلیکٹر اظہر خان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں میں ناکامی کے بعد تھنک ٹینک کو بھی اپنی حکمت عملی کا ازسر نو جائزہ لینا ہوگا۔ اس ناکامی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔