بھارتی سازش:پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم کیخلاف مزید کارروائی کا امکان
لاہور (آن لائن) چیمپئنز ٹرافی سیمی فائنل میں شکست پرپاکستانی کھلاڑیوں کی معطلی سے بھی بھارت کی تسلی نہیں ہوئی۔ مبینہ طورپرنازیبا اشارے کرنے والے کھلاڑی مزید پابندی کے خطرے سے دوچار ہیں۔چیمپئنز ٹرافی ہاکی سیمی فائنل میں فتح کا جشن قومی ہاکی پلیئرز کو بہت مہنگاپڑا۔ بھارتی دباؤ پرفیڈریشن فور انٹرنیشنل ہاکی نے دو پلیئرزعلی امجد اورمحمد توثیق کو ایک میچ کیلئے معطل کیا۔ فیڈریشن کے سربراہ لیونارڈو نیگرو نے تصدیق کی ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو مزید کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے۔ سیمی فائنل میں فتح کے بعد پاکستانی پلیئرز کی جانب سے نازیبا اشاروں کا معاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کردیا گیاہے۔ انہیں مزید سخت سزا بھی دی جاسکتی ہے۔ ٹورنامنٹ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹرز کواس بارے میں اختیار ہوتا ہے۔ سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں کے جشن منانے کی تصاویر اورفوٹیج دیکھ کر معاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کرنے کافیصلہ کیاگیاہے۔پاکستانی کھلاڑیوں کیخلاف کارروائی کوبھارتی سازش قرار دینا پاکستانی کوچ شہنازشیخ کی ذاتی رائے ہے۔