لاہور(نیوزرپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ پنجاب میں تقرر تبادلوں میں سفارش کا خاتمہ کیا گیا ہے اورصوبہ میں بیوروکریسی میں تقرریاں صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی کارکردگی کی جانچ کیلئے کے پی آئیز متعارف کرائے گئے ہیں اوروزیر اعلیٰ پنجاب خود افسران کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیتی ہیں۔یہ بات چیف سیکرٹری نے ساتویں سول سروسزٹریننگ پروگرام کے تحت زیر تربیت صوبائی منیجمنٹ سروس سندھ کے افسروں سے پنجاب سول سیکرٹریٹ کے مطالعاتی دورے پر کہی ۔و فد کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، مالیاتی نظم اور تعلیم و صحت سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول، صحت، تعلیم اور صفائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کی ترجیح ہے۔ دیہی علاقوں میں گورننس، سروس ڈلیوری بہتر بنانے کیلئے ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا گیا ہے اورتعلیم، صحت، معاشی اورسماجی شعبے میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
بیوروکریسی میں تقرریاں میرٹ پر کی جاتی ہیں:چیف سیکرٹری پنجاب
Aug 21, 2024