مکتوب فرانسں
صاحبزادہ عتیق الرحمن
مسلم لیگ (قائداعظم ) فرانس ،پاکستان تحریک انصاف فرانس نے مشترکہ طور پر تقریب کا انعقاد کیا۔
پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے بھرپور شرکت کی ،
قائم مقام سفیر امجد عزیز قاضی اور پریس قونصلر دانیال گیلانی کی خصوصی شرکت
اگست کے اوائل سے ہی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں یوم آزادی چودہ اگست کے حوالے سے تقریبات کی تیاریاں شروع کردیتی ہیں ،حکومتی جماعت تحریک انصاف فرانس کی الیکٹڈ باڈی نے حلف وفاداری کی تقریب میں اعلان کیا تھا کہ آئندہ تمام قومی دن بڑے پیمانے پر منائے گی لیکن یوم آزادی کی تقریب کے حوالے سے آخری دنوں تک سوئی رہی ، چودہ اگست سے چار دن قبل ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری ماجد چیمہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ لگائی کہ جمعہ چودہ اگست کو تحریک انصاف فرانس یوم آزادی کی تقریب کا اہتمام کرے گی۔
اسی رات مسلم لیگ ن کے راہنما عمران اقبال چیمہ کے عشائیے میں تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما اور ممبر برائے فرانس احتساب و ڈسپلن کمیٹی یورپ چوہدری گلزار لنگڑیال ، متحرک اور سینئر راہنما تحریک انصاف یاسر قدیر کی مسلم لیگ ق فرانس کے صدرچوہدری منیر وڑائچ اور سینئر راہنما چوہدری ساجد ڈوگہ سے ملاقات میں یہ بات طے پائی کہ علیحدہ علیحدہ تقریبات کی بجائے ایک بڑی تقریب منعقد کی جائے اور کمیونٹی کے تمام مکاتب فکر کے نمائیندوں کو دعوت دی جائے تاکہ ایک بھرپور اور مشترکہ پروگرام ہو۔
پیرس کے نواحی علاقے ویلئر لابیل کے خوبصورت ذائقہ ریستوران میں یوم آزادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی قائم مقام سفیر پاکستان قاضی امجد عزیز تھے ، ان کے ساتھ پریس قونصلر دانیال گیلانی اور ہیڈ آف قونصلر سیکشن عدیل ممتاز کھوکھر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے کیا گیا۔ جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا قومی ترانے کی دھن پر تمام حاضرین نے کھڑے ہوکر وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔ تقریب میں ممتاز گلوکار ریاض نے پاکستانی نغمے بھی پیش کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام سفیر امجد عزیز قاضی نے حاضرین کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہم ایک آزاد اور خودمختار ملک کے شہری ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کیا گیا نیا نقشہ ضرور شئیر کریں اور کشمیر پر بھارتی ظلم و ستم کو فرانسیسی کمیونٹی میں اجاگر کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فرانس کی پاکستانی کمیونٹی کا سفارتخانہ کے ساتھ تعاون بے مثال ہے ، اور ہمارے لوگ فرانس میں محنت اور جدوجہد کے ساتھ ہر میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں جو کہ خوش آئیند ہے۔ انہوں نے منتظمین کو اس خوبصورت اور بھرپور تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے نمائیندوں نے اس خوبصورت مشترکہ تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف فرانس اور مسلم لیگ ق فرانس کو مبارکباد پیش کی اور کمیونٹی کی اکثریت کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرکے یوم آزادی کی خوبصورت تقریب کے انعقاد کو سراہا۔ مقررین نے کہا کہ ہمیں آپس میں تمام اختلافات بھلا کر ملک و قوم کیلئے سوچنا ہوگا ہمیں متحد ہوکر وطن دشمن عناصر کا خاتمہ اور ملکی تعمیر وترقی اور خوشخالی کا عہد کرنا ہوگا ،ہم متحد ہوں گے تو پاکستان کے لئے مثبت کام کرسکیں گے اور پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کو دکھا سکیں گے۔ ہمارا اتحاد روشن پاکستان کی علامت سبز ہرچم کے وقار ضمانت ہے۔مقررین نے آئیندہ بھی قومی تہوار اتحاد و اتفاق سے ایک پلیٹ فارم سے سبز ہرچم کے سائے تلے منائے جانے کی اہمیت پر زور دیا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔
مقررین نے تحریک انصاف فرانس اور مسلم لیگ ق فرانس کے عہدیداروں کو کامیاب پروگرام پر مبارکباد پیش کی۔ مقررین میں قائم مقام سفیر قاضی امجد عزیز ، تحریک انصاف فرانس کے سینئر راہنما اور ممبر برائے فرانس احتساب و ڈسپلن کمیٹی یورپ چوہدری گلزار لنگڑیال ، سینئر نائب صدر تحریک انصاف شیخ نعمت اللہ ، سابق صدر میاں ذوالفقار جتالہ ، چوہدری افضال ڈھل ، خواتین عہدیداروں محترمہ آصفہ ہاشمی ، محترمہ شبانہ چوہدری ،مسلم لیگ ق فرانس کے صدرچوہدری منیر وڑائچ ، سینئر راہنما چوہدری ساجد ڈوگہ ، چوہدری ممتاز پکھووال ، مسلم لیگ ن فرانس کے صدر میاں محمد حنیف ، سینئر نائب صدر ممتاز بزنس مین سردار ظہور اقبال ، مسلم لیگ ن فرانس یوتھ ونگ کے صدر محمد اصغر خان ،
منہاج القرآن فرانس کے سابق صدر اعظم چوہدری، سینئر صحافی مرزا خالد بشیر و دیگر نے خطاب کیا۔
تحریک انصاف فرانس کے سینئر نائب صدر شیخ نعمت اللہ ، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری ماجد چیمہ ، اصدر مسلم لیگ ق فرانس چوہدری منیر وڑائچ۔ور مسلم لیگ ق فرانس کے سینئر راہنما چوہدری سجاد ڈوگہ نے تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اور اس بات کا اعادہ کیا کہ قومی تہوار آئندہ بھی ایک پلیٹ فارم سے مشترکہ طور پر منائے جائیں گے۔
نظامت کے فرائض تحریک انصاف فرانس کے متحرک سینئر راہنما یاسر قدیر اور سینئر صحافی صاحبزادہ عتیق الرحمن نے ادا کئے۔
تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹے گئے اور ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی
تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے یوم آزادی کی اس تقریب میں بھرپور شرکت کی