اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی خصوصی معاون ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ حکومت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور منظم نسل کشی کے خلاف آواز بلند کرنے کے لئے تمام ملکوں کو اسلامی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم پراکٹھا کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔
ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بے گناہ کشمیریوں پربھارتی فورسز کے مظالم حد سے بڑھ چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کشمیری بھارت کی ریاستی دہشت گردی کاشکا ر ہیں اوراقوام متحدہ جیسے عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ خطے میں دہشت گردی بند کرانے کے لئے بھارت پردبائوڈالے اور زمینی حقائق معلوم کرنے کے لئے ذرائع ابلاغ اورانسانی حقوق کی تنظیموں کو رسائی دے۔