میئر کی کارکردگی سے انکی پارٹی بھی نالاں، ذارئع
کراچی(علی عباس) حکومت سندھ نے جب سے میئر کراچی وسیم اختر کو نااہل قرار دیتے ہوئے کراچی کی بدترین صورتحال کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے سندھ حکومت اوربلدیہ عظمیٰ کراچی کے درمیان فاصلے مزید بڑھ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے میئر کراچی کو نااہل قرار دینے کے بعدفیصلہ کیا گیا کہ شہر میں تمام مسائل حکومت سندھ خود حل کرے گی۔میئرکراچی کو آگاہ نہیں کیاجائے گا۔ سندھ حکومت کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ میئر کراچی اپنے دور اقتدار میں اختیارات نہ ہونے کا رونا ہی روتے رہے ہیں اور شہر کے لئے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔ جبکہ سندھ نے متعدد بار بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مالی مدد کی لیکن میئر کراچی شہر کے مسائل حل کرنے کی بجائے سیاست کرتے رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی حکمت عملی میں تبدیلی کے بعد بلدیہ کراچی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ میئر کراچی کی کارکردگی سے ان کی اپنی پارٹی بھی نالاں ہے۔