کراچی میں امن وامان کی صورتحال پرسی پی او میں اجلاس
کراچی (سٹی نیوز)آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیرصدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ ایک اجلاس میں شہر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا مختلف حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اورمزید ضروری ہدایات دی گئیں۔اس موقع پرایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اجلاس کو پولیس کے مجموعی اقدامات/اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ امن وامان کے حالات اوراس حوالے سے کراچی پولیس کیجانب سے مختلف نوعیت کے جرائم بشمول اسٹریٹ کرائمز، چوری،قتل، اقدام قتل سمیت مارکیٹوں/بازاروں میں نقب زنی وغیرہ کے حوالے سے اختیارکردہ انسدادی حکمت عملی اورلائحہ عمل کوہرسطح پر مزید مؤثرمربوط اورکامیاب بنایاجائے ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز ڈاکٹرامیر شیخ کے علاوہ ہیڈکوارٹرز فائنانس،ایڈمن،ٹی اینڈ ٹی،اسٹیبلشمنٹ اور انویسٹی گیشن سندھ کے ڈی آئی جیز سمیت اے آئی جیز ایڈمن،ویلفیئر اوردیگر سینئرپولیس افسران نے شرکت کی۔