رمیز راجہ نے مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ تعیناتی کی مخالفت کردی
لاہور(آئی این پی)سابق کپتان رمیز راجہ نے سابق کپتان مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کے خیال کی مخالفت کردی۔یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں رمیز راجہ نے کہا کہ مصباح الحق کی دفاعی حکمت عملی قومی ٹیم کے لیے کسی صورت درست نہیں ہوسکتی، اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران مصباح الحق نے آگے بڑھ کر جارحانہ انداز میں کھیلنے کے بجائے ہمیشہ دفاعی حکمت عملی اپنائی اور مخالف ٹیم کی جانب سے غلطی ہونے کا انتظار کیا، یو اے ای میں انہوں نے اسی اپروچ کے ساتھ کئی میچ جیتے مگر پاکستانی کرکٹ کو ایسا شخص چاہیے جو مخالف ٹیم کے گیم پلان کے مطابق چلنے کے بجائے خود اپنا کھیل بنائے اور نتائج کو اپنے حق میں کرلے۔رمیز راجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی ٹیم کو کرکٹ کا بے خوف اور نڈر برانڈ بننے کی طرف بڑھنا چاہیے۔