مصباح کو کوچ بنایا گیا تو مفادات کا ٹکراو ہوگا، اظہر محمود
اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے سابق باولنگ کوچ اظہر محمود نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے مکی آرتھر سمیت کوچنگ اسٹاف کو فارغ کرنے کو غلط فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے اگر مصباح الحق کو نیا کوچ بنایا گیا تو مفادات کا ٹکراو ہوگا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق بالنگ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ اس وقت کوچ کا فیصلہ میرے خیال میں ٹھیک نہیں ہے، نیا کوچ آئے گا اور وہ اپنا کام کرے گا، سال کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے، وقت بہت کم ہے، میرا نہیں خیال کہ ایسے وقت میں اس طرح کا فیصلہ کرنا چاہیے تھا۔نئے کوچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق نے لیول ٹو کورس کیا ہے، اگر کوچ بنتے ہیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن یہ مفادات کا ٹکراو نہیں ہوگا کہ جس کمیٹی میں وہ شامل تھے، اس نے ہمیں گھر بھیج دیا اور اب وہ آکر ہیڈ کوچ بن جاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر پیچھے چلے جائیں تو پی سی بی نے سارے کھلاڑیوں کو بلا کر لیول ٹو کورس کروایا تو اس سے یہ نہیں ہوگا کہ ان ساری چیزوں پر 3، چار مہینے سے منصوبہ بندی ہورہی تھی۔ٹیم کی قیادت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ سرفراز کے پاس اختیارات تھے وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بہترین ٹی ٹوئنٹی کپتان ہیں جبکہ ون ڈے میں ان کی کارکردگی بھی بہتر ہے۔