متحدہ کٰیخلاف منی لانڈرنگ کیس،درخواست گزار کی الیکشن کمشن سے مہلت کی استدعا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ اور جعلی حلف نامہ جمع کرانے سے متعلق کیس کی سماعت کے دور ان درخواست گزار نے ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف مزید ثبوت فراہم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔ممبر پنجاب الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم کی سربراہی میں 2 رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔ درخواست گزار نے ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف مزید ثبوت فراہم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن سے ایک بار پھر مہلت مانگ لی۔ وکیل درخواست گزار نے کہاکہ کچھ اداروں سے اہم دستاویزی ثبوت لینے ہیں۔ ممبر الیکشن کمیشن نے کہاکہ آپ نے گزشتہ سماعت پر بھی وقت مانگا تھا،انہوںنے ہدایت کی کہ آپ متعلقہ اداروں سے دستاویزات لے کر الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔انہوںنے کہاکہ آپ کے آگاہ کرنے پر کیس کی سماعت ہو گی۔الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پاکستان کے خلاف مبینہ منی لانڈرنگ اور جعلی حلف نامہ سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔