بھارتی گلوکارہ ہارڈ کور کو حکومت کیخلاف بولنا مہنگا پڑ گیا‘ ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں
نئی دہلی (آن لائن) بھارتی گلوکارہ اور ریپر ترن کور جو ہارڈ کور کے نام سے مشہور ہیں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کے خلاف بولنے پر انہیں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے حامی ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اپنی ویڈیو میں گلوکارہ نے بھارتی حکومت کے حامیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی ذہنیت گندی ہے اور وہ گندگی کے علاوہ کچھ نہیں سوچ سکتے۔ ویب سائٹ میش ایبل کے مطابق اس معاملے کا آغاز اس وقت ہوا جب رواں ماہ ہارڈ کور نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ وہ سامنے آکر ان سے بات کریں اور چھپ کر انہیں مارنے کی دھمکیاں نہ دیں۔ بھارتی حکومت کے خلاف آواز اٹھانے اور ویڈیوز جاری کرنے کے بعد گلوکارہ کے ٹوئٹر اکاونٹ کو بھی بلاک کردیا گیا۔