جدہ: پاکستانی اسکول میں طلبا و طالبات کے کوائف کیلئے بھارتی سوفٹ ویئر کے استعمال کا انکشاف
جدہ ( امیر محمد خان سے ) جدہ کے علاقے رحاب میں قائم پاکستانی اسکول ( انگریزی ) ایک عرصے سے اسکول کے طلباء و طالبات کے کوائف کیلئے بھارتی سوفٹ ویئر FEDENA SCHOOL MANAGEMENT استعمال کررہا ہے ،کوائف میں طلباء وطالبات کے تمام تر کوائف بمعہ تصاویر ، والدین کی تفصیل ، والدین کے کوائف شامل ہوتے ہیں ، یہ تمام معلومات ہندوستان کے شہر بنگلور میں میں سوفٹ ویئر کمپنی کے ہیڈ آفس میںجمع ہوتے ہیں ۔ رحاب اسکول میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین اسکی تحریری اور زبانی شکائت اسکول انتظامیہ و ، قونصلیٹ جدہ ، اور سفیر پاکستان کو کرتے رہے ہیں مگر اس پر کئی عملی اقدام نہیںاٹھایا گیا، والدین کا کہنا ہے کہ زیر تعلیم بچوں ، بچیوں اور والدین کی تمام تر تفاصیل ، نیز جو بچے فارغ تحصیل بھی ہوچکے ہیں انکی تفصیل بنگلور میں جمع رہتی ہے والدین کے بقول اس ذریعے سے جدہ میں موجود پاکستانیوںکی بڑی تعداد کے کوائف بنگلور میں جمع ہوتے ہیں والدین کا خیال ہے اسکول انتظامیہ کا یہ اقدام بہتر نہیں ہے اور اگر اسکول کو کوائف کے حوالے سے کوئی سوفٹ ویئر استعمال بھی کرنا ہے تو پاکستان اور سعودی عرب میں بہت سے ادارے یہ سوفٹ ویئر فروخت کرتے ہیں اسطرح پاکستانیوں کے کوائف محفوظ رہ سکتے ہیں ۔