تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر یکساں موقف رکھتی ہیں،اسد قیصر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ملاقات کی تینوں رہنماؤں کی طویل بیٹھک میں اہم امور اور پارلیمانی و سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کو تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر مبارکباد دی گئی۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اہم امور پر تعاون کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔ عید کے بعد تینوں رہنماؤں کے درمیان طویل ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ کے کردار حکومت اپوزیشن جماعتوں کے تعلقات کار کی موجودہ صورتحال سمیت قانون سازی کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ ذرائع کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے سپیکر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کیلئے خیبرپختونخوا کے عوام ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار ہیں۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قرارداد کی منظوری پر سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کو گورنر نے مبارکباد دی اور کہا کہ اب تک ہونے والے فیصلوں سے قوم کو حوصلہ ملا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر پر بھارتی جارحیت کے خلاف یکساں موقف رکھتی ہیں، کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم عالمی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں،جب کہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر کڑے وقت میں ان کی مدد کریں گے ۔