عمران خان کا قوم سے خطاب جلسے سے کم نہیں تھا،شیخ آفتاب احمد
حضرو (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنماء و سابق وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کا قوم سے خطاب ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے ہیں عمران خان کو اتنا پتہ نہیں کہ وزیر اعظم ہائوس میں کھڑی 60گاڑیاں کس کے استعمال میں لائی جاتی ہیں سابق وزرائے اعظم صرف دو گاڑیاں استعمال کرتے تھے نواز شریف بطور وزیر اعظم ،وزیر اعظم ہائوس کا خرچہ اپنی جیب سے ادا کرتے رہے نواز شریف پر عدالتوںکی طرف سے کرپشن کا کوئی الزام نہیں جلد وہ عوام میں موجود ہوں گے عمران خان قوم کے وزیر اعظم بنیں تحریک انصاف کے قائد نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی قوم سے خطاب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ جو 60گاڑیاں کھڑی ہیں وہ بیرون ملک سربراہان اور انکے ساتھ آئے ہوئے وفود کے پروٹوکول کیلئے استعمال کی جاتی ہیں عمران خان ان گاڑیوں کو فروخت کر کے باہر ملکوں سے آنے والے سربراہان کو کس طرح پروٹوکول دیں گے وزیر اعظم عمران خان اپنے الیکشن اور ہسپتال کیلئے تو باہر سے فنڈلے لیتے ہیں اب زرہ ملک و قوم کیلئے بھی لیکر دکھائیں وزیر اعظم کو اپنے خطاب سے پہلے ان گاڑیوں کے حوالے سے وزیر اعظم ہائوس کے حکام سے پوچھ لینا چاہئے تھا ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ عمران خان قوم سے خطاب کرنے کے بجائے جلسہ عام سے خطاب کر رہے ہیں ۔