کلر سیداں ، نوسر باز پٹھان نے مسجد میں نمازی کو بھی لوٹ لیا
کلر سیداں(نامہ نگار)کلر سیداں میں نوسر باز پٹھان نے مسجد میں نمازی کو بھی لوٹ لیا، گائوں بھلاکھر کے محمد بشارت چند ایام قبل بچوں کے ساتھ عید منانے اٹلی سے گھر واپس آئے تھے وہ پیر کے روز نماز پڑھنے جامعہ مسجد نور گئے جہاں نوسر باز نے ان کے کپڑوں پر گندگی کی نشاندہی کی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مسجد کے اندر ہی موجود وضو خانے میں لے گیا اور گندگی صاف کرنے میں ان کی مدد کرنے لگا ۔محمد بشارت نے اس دوران اپنی ویسٹ کوٹ اتاری اور تیس سالہ نوسر باز پٹھان نے گندگی صاف کرنے میں ان کی مدد کی اور اس کے ساتھ ہی وہ پراسرار طور پر غائب ہو گیا۔محمد بشارت نے ہاتھ دھو کر ویسٹ کوٹ پہنی او ر احتیاطً جیب کی تلاشی لی تو وہاں موجود 4ہزار یوروز غائب تھے انہوں نے فوری طور پر مسجد سے باہر نکل کر نوسر باز ہمدرد کو تلاش کرنے کی کوشش کی مگر وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو چکا تھا۔انہوں نے کاروائی کے لیے درخواست کلر سیداں پولیس کے حوالے کر دی ہے ۔