کاشتکار مولی کی اگیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کریں،محکمہ زراعت راولپنڈی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے سفارش کی ہے کہ کاشتکار مولی کی اگیتی فصل کی کاشت بروقت مکمل کریں۔ مولی کی زیادہ پیداوار لینے کے لئے کھیت کو اچھی طرح ہموار کریں۔ اگر فصل بذریعہ چوکا یا کیرا کرنا مقصود ہو تو 3.4 کلوگرام بیج فی ایکڑ جبکہ بذریعہ چھٹہ کاشت کی صورت میں 5.4 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ اگیتی فصل کی کاشت کیلئے ڈیڑھ بوری سلفیٹ آف پوٹاش (34.5 کلوگرام پوٹاش) استعمال کریں۔ بڑھوتری کے دوران اگیتی فصل میں 25-20 دن بعد جب فصل جڑ بنانا شروع کر دے تو آدھی بوری یوریا (11.5 کلوگرام نائٹروجن) فی ایکڑ ضرور استعمال کریں اس سے پیداوار بڑھے گی۔ مولی کی فصل کو پہلا پانی کاشت کے فوراً بعد نہایت احتیاط سے لگائیں تاکہ پانی پٹڑیوں یا بیج والی جگہ سے نیچے رہے اور بیج تک صرف نمی پہنچے۔ مناسب نمی پہنچانے کیلئے پہلا پانی بیج والی جگہ سے 7-6 سینٹی میٹر نیچے رکھیں۔ گھنٹہ دو گھنٹہ بعد جب پانی زمین میں جذب ہو جائے تو ایک مرتبہ پھر اتنا پانی لگا دیں۔ پہلے پانی کا زیادہ حصہ کھالیوں میں جذب ہو جاتا ہے جبکہ بعد والے پانی کی نمی وٹوں کے درمیان تک پہنچ جاتی ہے ۔