بزرگ شہری کل اور پرسوں ٹرینوں میں مفت سفر کر سکیں گے
راولپنڈی (اے پی پی )بزرگ شہری عید کے پہلے اور دوسرے دن ٹرینوں میں مفت سفر کر سکیں گے۔ریلوے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے نے عید الاضحیٰ پر بزرگ شہریوں کو مفت سفر کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا تھا ۔مفت سفر کی سہولت 22اور 23 اگست کو تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر دستیاب ہو گی۔مفت سفر کی سہولت سے استفادہ کے لیے 65سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ریزرویشن اور ٹکٹ کے حصول کے لئے اوریجنل کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔ریلوے ذرائع نے قومی خبرر ایجنسی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے اپنے مسافروں کو عید کے پہلے اور دوسرے دن کرایوں میں 25فیصد کی خصوصی رعایت بھی دے گا۔واضح رہے کہ پاکستان ریلوے کی طرف سے کرایوں میں خصوصی ر عایت تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر دستیاب ہو گی۔