ٹی این ایف جے کی کال پرآج ملک بھر میں ’’عالمگیر یوم سفیر حسینیت ؑ‘‘ منایا جائیگا
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) تحریک نفاذِ فقہ جعفریہ کے اعلان کے مطابق شہید کوفہ حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام کا یوم شہادت منگل 9ذوالحجہ کو’ ’یوم سفیر حسینیت ؑ ‘‘کے طورپر منایا جائے گا ۔اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوںمیں مجالس عزا ہوں گی اور ماتمداری کی جائیگی ۔ٹی این ایف جے کی مرکزی یوم سفیر حسینیت کمیٹی کا اجلاس آج مرکزی کنوینر ڈاکٹر ایس ایم رضوی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پروگراموں کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت مسلم ؑ ابن عقیل کربلا کے سفر شہادت کے پہلے شہید ہیں جنہوں نے ہر دور کے ابن زیاد کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے اور حق کا پیغام عام کرنے کا سلیقہ سکھایا ۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ سفیر حسینیت نے اپنے کردار و عمل سے رہتی دنیا تک کیلئے واضح کر دیا کہ اہل حق کبھی باطل کے سامنے نہیں جھکتے اور فسق و فجور کے مقابلے میں آخر فتح حق اور سچ کی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بے کس مسلم ؑنے امام عالی مقام کی سفارت کا حق اس طرح ادا کیاکہ آج بھی جبر و استبداد مظلومیت کی طاقت کو زیرنہیں کر سکتا اور بلاآخر ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے لیکن مظلوم کے خون کی سرخی ہر دور کے حریت پسندوں کیلئے حیات ابدی کی نوید ہے ۔انہوں نے تمام مکاتب فکرسے اپیل کی کہ وہ یوم سفیر حسینیت ؑ کی مجالس میں بھر پور شرکت کر کے بارگاہ رسالت و امامت میں تعزیت و تسلیت پیش کریں اور دنیا بھر کے مظلومین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں ،پروگراموں کے دوران وطن عزیز پاکستان کی ترقی و استحکام،امن و امان کے قیام ، عساکرپاکستان کی کامیابی اور عالم اسلام کے مصائب و آلام کے خاتمہ کیلئے خضوع و خشوع کے ساتھ دعائیں مانگیں ۔