نئی حکومت کو گردشی قرضوں سے نمٹنے کیلئے قرضہ لینا پڑے گا
اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آ ئی)کی حکومت کو سرکاری شعبہ جات کے واجبات اور وصولیوں کی مد میں 19 کھرب روپے درکار ہوں گے۔ایک سینئر حکومتی عہدیدار کے مطا بقپی ٹی آ ئی کی حکومت کو مختلف اقسام کے قرضوں کے حصول کے علاوہ گردشی قرضے ادا کرنے اور خسارے میں جانے والے اداروں کے واجبات اداکرنے کے لیے ایڈجسٹمنٹ کرنا ہوگی۔حکومتی عہدیدار نے وضاحت کی کہ خسارے میں جانے والی کمپنیوں میں ادائیگی اور وصولیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے خلا کی وجہ سے واجبات بڑھ گئے ہیں ، جو انٹر کارپوریٹ سرکلر ڈیبٹ کی کلاسک مثال ہے، بڑھتے ہوئے گردشی قرضے کو روکنے کے لیے 600 سے 700 ارب روپے درکار ہوں گے۔نومنتخب وزیر خزانہ اسد عمر نے پہلے ہی مالیاتی خسارے کو غیرحقیقی قرار دیتے ہوئے دعوی کیا کہ وہ اصل اعداد و شمار عوام کے سامنے لائیں گے کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ اس سے اخراجات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔چند اہم واجبات اور ادائیگیوں سے متعلق حکام نے بتایا کہ صرف پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 11 کھرب 50 ارب ہے جس میں 5 سو 66 ارب روپے کا حالیہ قرضہ بھی شامل ہے۔جس میں 5 سو 70 ارب روپے
پاور پروڈیوسز اور جنریشن کمپنیوں کو واجب الادا ہیں، ان میں واٹر اور پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی شامل ہیں۔