پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں، کالجز کے سربراہوں کی چیف جسٹس سے ملاقات، ڈیم فنڈز کیلئے ایک کروڑ 69 لاکھ کا چیک دیا
لاہور (نیوزرپورٹر+وقائع نگار خصوصی) پنجاب کی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں کے سربراہوں پر مشتمل وفد نے چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کی۔وفد نے دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ 69 لاکھ سے زائد رقم کا چیک چیف جسٹس کو پیش کیا۔وفد کے سربراہ وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر ملک کی اہم ترین ضرورت ہے۔ وفد میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور پروفیسر خالد مسعود گوندل، وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمد عمر، وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چودھری، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور پروفیسر عامر زمان، پرنسپل سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز لاہور پروفیسر محمود ایاز اور پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج لاہور پروفیسر محمد طیب شامل تھے۔