ہالینڈ میں گستاخانہ مواد پر مبنی نمائش کیخلاف احتجاج
گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہالینڈ کے سیاستدان ملعون گیرٹ وائلڈز کی جانب سے گستاخانہ مواد پر مبنی نمائش کے انعقاد کا اعلان کرنے کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں متفقہ لائحہ عمل کے لئے تمام مسلمان ممالک سے رابطہ کیا جائے اور مشترکہ طور پر ہالینڈ سے تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا جائے۔ ملعون گیرٹ وائلڈز کی اس ناپاک جسارت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
مغرب میں اسلام کے خلاف تعصب کی ابتداءصلیبی جنگوں سے ہوئی۔ صلیبی جنگیں ، تقریباً تین صدیوں تک جاری رہیں پوپ اور پادری، عیسائیوں کو اشتعال دلانے کے لئے اسلام اور سیرت محمدیہ کے بارے میں غلط اور بے بنیاد پراپیگنڈہ کرتے رہے، سلطان صلاح الدین ایوبی سے شکست کے بعد اسلام دشمن پراپیگنڈہ میں شدت آگئی تاہم بعد میں بعض مسلمان سکالروں اور انصاف پسندغیر مسلموں نے اسلام اور نبی پاک کی سیرت مبارکہ پر تعصب سے پاک اور مستند کتابیں لکھیں۔ان کاوشوں کے نتیجے میں اب دنیا بھر میں اسلامی موضوعات پر مستند لٹریچر بآسانی اور باافراط دستیاب ہے جسے پڑھ کرحق کے متلاشی مسلسل اسلام قبول کررہے ہیں ۔لہذا اب اگر کوئی اسلام اور قرآن اور سیرت پاک کے بارے میں اشتعال انگیز مواد لکھتا ہے یا خاکے بناتا ہے تو اس کا یہ عذر قبول نہیں کہ اس سے یہ فعل غلط فہمی یا لاعلمی میں سرزد ہوگیا ہے ۔ اس کاصاف مطلب ہے کہ وہ متعصب ہے اور مسلمانوں کو اشتعال دلانے کے لئے ایسا کرتا ہے۔ ایسے لوگوں کی بے ہودگی کا بہترین اور مو¿ثر جواب یہ ہے کہ مغربی دنیا میں موجود مسلم علماءاور سکالر ایسے گمراہ لوگوں سے ملیں اور ان پر حقیقت واضح کریں۔ نیز متعلقہ حکومتیں بھی ایسے لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں اور انہیں سزا دلائیں۔ اس حوالے سے بہترین اقدام حکمت کی راہ اختیار کرنا اور دلیل کا استعمال ہے۔ جن کے دلوں میں اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں کینہ اور بغض بھرا ہوا ہے ان کا تو اس کے سوا کوئی علاج نہیں کہ انہیں قانون کے ہاتھوں سزا دلائی جائے۔ اس ضمن میں امہ کو متحد ہو کر متعلقہ ممالک پر دباﺅ ڈالنا چاہیے کہ وہ پرامن شہریوں کو اشتعال دلانے اور مضطرب کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کریں۔ ویسے بھی دوسروں کے جذبات کو مجروح کرنا انسانی حقوق کے عالمی منشور کی نفی بھی ہے۔