افغانستان میں عارضی جنگ بندی کا اعلان
افغان صدر کا 3ماہ کے لئے جنگ بندی اور طالبان کا سینکڑوں قیدی رہا کرنے کا اعلان، پاکستان اور امریکہ کی طرف سے خیر مقدم۔ طالبان عوام کی امن خواہشات کا احترام کریں، اشرف غنی ، غیر ملکی قبضے تک جنگ جاری رہے گی: ہیبت اللہعیدالاضحی کے موقع پر افغان صدر نے 3ماہ کے لئے جنگ بندی کا جو اعلان کیا ہے اس کے جواب میں افغان طالبان نے بھی سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا جوابی اعلان کیاہے۔یہ خوش آئند پیشرفت ہے۔ امید ہے دونوں فریق 3ماہ کے اس جنگ بندی کے اعلان پر نیک نیتی سے عمل کریں گے۔ اس جنگ بندی کے اعلان کا پاکستان اور امریکہ نے بھی خیر مقدم کیا ہے۔ جنگ بندی کا سب سے زیادہ فائدہ افغان عوام کو ہوگاجو طویل عرصہ سے خانہ جنگی کی تکالیف اٹھا رہے ہیں ۔ اس طرح کم از کم 3ماہ کے لئے ہی سہی انہیں امن و سکون کا سانس لینے کا موقع ملے گا۔ یہ افغان حکومت اور طالبان کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاہدے پر علمدرآمد یقینی بنائیں ۔ تاکہ دونوں متحارب فریقوںکے درمیان مذاکرات کی کوئی سبیل پیدا ہو،افغان مسئلہ کا حل مذاکرات میں ہی پوشیدہ ہے۔ افغان حکومت اور طالبان نیک نیتی سے اس طرف بھی پیش قدمی کریں تو خانہ جنگی سے تباہ حال افغانستان کی صورتحال میں بہتری آ سکتی ہے۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوںکے لئے یہ اچھا موقع ہے کہ وہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ افغانستان میں امن قائم ہو اور وہاں سے غیر ملکی افواج کی واپسی ممکن ہو۔