لاہور (نامہ نگار) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹرسائیکلیں،گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے شمالی چھاؤنی میں نوید کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5 لاکھ‘ طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، ٹاؤن شپ میں واجد اور اس کی فیملی کو یر غمال بنا کر3 لاکھ 49ہزار‘ طلائی زیورات اور موبائل فون، گلشن اقبال میں محسن سے ڈھائی لاکھ‘ موبائل فون، سمن آباد میں حسیب سے ایک لاکھ 33 ہزار اور موبائل فون، گلبرگ میں ضمیر سے 83ہزار‘ موبائل فون، اچھرہ میں فواد سے49ہزار اور موبائل فون، گڑھی شاہو میں ابرار سے 36 ہزار‘ موبائل فون، مانگا منڈی میں کریم سے 17ہزار‘ موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے سبزہ زار میں ہدایت کے گھر سے ساڑھے3 لاکھ ‘ طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا۔ چوروں نے ہنجروال، لیاقت آباد اور رائیونڈ سے 3کاریں، شیرا کوٹ سے رکشہ جبکہ جوہر ٹاؤن، لوئر مال، ساندہ، مسلم ٹاؤن، قلعہ گجر سنگھ، غالب مارکیٹ اور کوٹ لکھپت سے 7 موٹرسائیکلیں چوری کر لیں۔
ڈاکے‘ چوریاں‘ شہری لاکھوں روپے‘ زیورات‘ گاڑیوں‘ موٹرسائیکلوں سے محروم
Apr 21, 2025