گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (GCCI)کی قیادت میں پاکستان کی کاروباری برادری کو ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، صدر گوجرانوالہ چیمبر رانا صدیق خاں کی زیرقیادت گوجرانوالہ چیمبر اور پاکستان بزنس کونسل دبئی (پی بی سی) کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MoU)پر دستخط کیے گئے۔یہ تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جہاں دونوں اداروں کے اعلی سطحی نمائندگان موجود تھے، معاہدے کے تحت گوجرانوالہ چیمبر اور پاکستان بزنس کونسل دبئی کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کروانا، گوجرانوالہ کی کاروباری برادری کو بین الاقوامی سطح پر سہولیات مہیا کرنا اور تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے،مفاہمتی یادداشت کے مطابق، دونوں ادارے ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ طور پر تجارتی وفود کے تبادلوں، سیمینارز، ورکشاپس، بزنس کانفرنسز اور دیگر کاروباری سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف گوجرانوالہ کی صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ برآمدات میں اضافہ،مارکیٹ ایکسس اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہیں بھی ہموار ہوں گی۔تقریبِ دستخط کے موقع پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی جانب سے صدر رانا صدیق خاں، سینئر نائب صدر احمد نوید و دیگر موجود تھے۔
گوجرانوالہ چیمبر اور پی بی سی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
Apr 21, 2025