گوجرانوالہ کے داخلی اور خارجی راستوں کو خوبصورت بنایا جائے گا:کمشنر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق پی ایچ اے کے اشتراک سے گوجرانوالہ کے داخلی اور خارجی راستوں اور چوراہوں کو گوجرانوالہ کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی اقدار سے ہم آہنگ خوبصورت اور آرائشی ماڈلز سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ گوجرانوالہ شہر کا اجمالی حسن دوبالا ہو سکے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں گوجرانوالہ کے مشہور چن دا قلعہ کی ری ماڈلنگ کے بریفنگ اجلاس کے موقع پر کہی- اجلاس میں پی ایچ اے کے چیئرمین ایس اے حمید، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن افضال قمر وڑائچ ،ڈی جی پی ایچ اے سجاد احمد، ڈائریکٹر تعلقات عامہ گوجرانوالہ حامد جاوید اعوان اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے کہا جی ٹی روڈ پر واقع چن دا قلعہ کے مقام کو خصوصی اہمیت حاصل ہے مختلف اداروں کے تعاون سے چن دا قلعہ سمیت دیگر نمایاں مقامات کی تزئین و آرائش کی جائیگی۔