اغوا برائے تاوان کیس میں ملزم طفیل پر فرد جرم عائد، ملزم کا صحت جرم سے انکار
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصو صی عدالت کے جج سلیمان بیگ نے اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں نامزد ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے بارود برآمدگی سمیت دیگر مقدمات میں گواہان کے بیان قلمبند کرتے ہوئے مزید شہادتیں طلب کر لیں۔جمعہ کو عدالت نے تھانہ رنگو کے اغوا برائے تاوان کیس میں ملزم طفیل پر فرد جرم عائد کر دی جس نے صحت جرم سے انکار کر دیا عدالت نے استغاثہ کی شہادت طلب کرتے ہوئے سماعت چار مئی تک ملتوی کردی جبکہ سی ٹی ڈی کے بارودی مواد برآمدگی کیس میں ملزم مجیب خان کیخلاف ایک گواہ کا بیان ریکارڈ کر کے سماعت 27اپریل تک ملتوی کردی۔علاوہ ازیں عدالت نے فورتھ شیڈول میں نامزد ملزم ابراہیم کو بعد از ضمانت پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دے دیا۔ دوران سماعت ملزم کے ضامن نے 30 ہزار روپے عدالت میں جمع کروا دیے، مقدمہ میں نامزد ملزم ابراہیم کیخلاف تھانہ چوٹالہ پولیس نے فورتھ شیڈول میں شامل ہونے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا جو ضمانت کے بعد مفرور ہوگیا گزشتہ روزعدالت نے ملزم کے مسلسل غیر حاضر رہنے پر اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ۔