راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام انٹرمیڈیٹ امتحان کیلئے فول پروف انتظامات
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)کمشنر/چیئرمین،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ، راولپنڈی ندیم اسلم چوہدری کی ہدایت پر راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2018 کیلئے بہترین اور فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان5 مئی سے شروع ہو گا۔ امتحانی امور کے نگران پروفیسر غلام محمد جھگڑ کے مطابق حکومت پنجاب کی کمپیوٹرائزیشن اور آٹو میشن کے ویثرن کو آگے بڑھاتے ہوئے تعلیمی بورڈ راولپنڈی میں انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔ بورڈ تمام ریگولر امیدواران کو رول نمبر سلپس آن لائن فراہم کر رہا ہے۔ اس کی کوئی ہارڈ کاپی فراہم نہ کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں تمام پرنسپلز گورنمنٹ کالجز/ہائر سکنڈری سکولز و سربراہان کو منظور شدہ ادارہ جات بورڈ ہذاکو بذریعہ مراسلہ نمبر509/PA/CE گزشتہ روز مورخہ 20-04-2018 بذریعہ کنٹرولر امتحانات راولپنڈی بھجوا دیا گیا ہے۔ بورڈ نے تمام ریگولر امیدواران کی رول نمبر سلپس بمطابق ڈیٹ شیٹ آن لائن کر دی ہیں۔ تمام ادارہ جات Login کے ذریعے آن لائن رول نمبر سلپس پرنٹ کرنے کے بعد مجوزہ جگہ پر امیدواران سے اردو اور انگریزی میں دستخط ثبت کروائیں گے۔ اس کے بعد سربراہ ادارہ جات رول نمبر سلپس کی مجوزہ جگہ پر اپنے دستخط اور ادارہ کی مہر ثبت کریں گے۔ امیدواران اپنے ادارہ کے سربراہ سے تصدیق شدہ اصل رول نمبر سلپس امتحانی مرکز کے سپرنٹنڈنٹ کے پاس جمع کروائیں گے۔ دوران امتحان متعلقہ امیدوار تصدیق شدہ رول نمبر سلپس کی کاپی بطور شناخت اپنے پاس رکھے گا اور ناظم مرکز/انسپکٹر یا کسی بھی چیکنگ ٹیم کی پڑتال کے وقت اپنی یہ رول نمبر سلپ پیش کرنے کا پابند ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امتحان انٹرمیڈیٹ سالانہ 2018 کے سلسلہ میں طلبہ و طالبات کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔ اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوران امتحان موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس بات یقین دہانی کی جائے گی کہ دوران امتحان امتحانی عملہ اور امیدواران موبائل فون استعمال نہ کریں۔ تمام امتحانی مراکز کی سکیورٹی کے لئے گارڈ مقرر کئے جائیں گے۔ تمام امتحانی مراکز کی نگرانی خفیہ طریقہ سے بھی کی جائے گی کہ آیا بورڈ کی طرف سے جاری کردہ SOPs پر عمل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ امتحانی مراکز کی چیکینگ کیلئے انسپکٹر اور سپیشل سکواڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ بورڈ آفس کو ارسال کریں گے۔ ان کی رپورٹ کی روشنی میںبہترین اور جامع اقدامات کئے جائیں گے۔