پاکستان دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے راہ حسین ؑ اختیار کرنا ہوگی،تنظیم شیعہ آئمہ مساجد
اسلام آباد (نیوز ڈیسک)تنظیم شیعہ آئمہ مساجد پاکستان کی جانب سے قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کردہ ہفتہ ولائے محمد و آل محمد ؐ کے موقع پرجشن ولادت پرنورحضرت امام حسین ؑ کی مناسبت سے جامع مساجد میں آئمہ کرام نے جمعہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے دامنِ حسین ؑ سے وابستگی کو دنیا و آخرت میں سرخروئی و کامیابی کا بہترین وسیلہ قراردیا۔ تنظیم کے چیئرمین علامہ سیدتصورحسین نقوی القمی الکاظم میںایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شعبان المعظم کے پہلے ہفتہ میں معرکہ کربلا کے مرکزی کردارو ں کی آمد ہوئی جو ہمارے لئے باعث سعادت و سکون ہے ۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے مشاہیر اور قومی ایام کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ انہیں شایان شان طور پر مناکر اپنی زندگی کا ثبوت فراہم کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امام زین العابدین ؑ نے طوق ورسن کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے جس انداز میں حسینیت کے ورثے کا تحفظ کیا وہ ہردور کے حق پرستوں کیلئے نمونہ عمل ہے۔انہوںنے کہاکہ خانوادہ عصمت و طہارت کی پاکیزہ اور نورانی ہستیوں کی سیرت پر عمل کرکے دنیا سے دہشتگردی کا خاتمہ اور پوری انسانیت کو امن و آشتی سے ہمکنار کیا جاسکتا ہے۔