جا نچ پڑتال ضرور کریں، شکایت کرنیوالے کا نام پتہ بتا دیں: سعد رفیق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں بحیثیت جماعت چور قرار دے دیا گیا ہے لہٰذا ہمارے خلاف جانچ پڑتال کریں مگر شکایت کنندہ کا نام اور پتہ بتا دیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ خسارہ اور کرپشن دو الگ چیزیں ہیں، ریلوے کی تمام برانچ لائنیں نقصان پر چلتی ہیں، اگر نقصان والے سیکشن بند کردیں تو ریلوے کا آدھا خسارہ کم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ادارے کو نجکاری سے بچایا جائے، ہم ڈیڑھ سو سال پرانا ریلوے سسٹم لیکر چل رہے ہیں، ریلوے کو بہت بہتر کرنے کے لیے 20 سے 25 ارب ڈالرز درکار ہیں، ریلویزکے لیے بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہرسال حکومت پنشن بڑھاتی ہے جس کا بوجھ ادارے پر پڑتا ہے، آنے والی حکومتیں ریلوے میں آمدنی بڑھانے کی کوشش کریں۔ سعد رفیق نے کہا کہ کیا پاکستان میں سارے سول سرونٹس اور سیاستدان چور ہیں؟ اب تو میں جیل ہی جائوں گا، ہمیں بحیثیت جماعت چور قرار دے دیا گیا ہے، ہمارے خلاف جانچ پڑتال کریں مگر شکایت کنندہ کا نام اور پتا بتادیں۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ سب سٹیک ہولڈرز الیکشن کروانا چاہتے ہیں، اداروں یا سیاسی جماعتوں میں موجود لوگوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، ہم ایک دوسرے کے دشمن نہیں، ہماری سیاست سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، اس لڑائی میں کوئی نہیں جیت سکتا، عمران خان اس لڑائی میں نہیں جیتیں گے، وہ بھی شکست خوردہ ہوں گے۔