کے پی میں ٹھیکوں کا فیصلہ جہانگیر ترین کرتے ہیں،سینیٹر بہرہ مند تنگی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے رہنما سینیٹر بہرہ مند تنگی نے عمران نیازی کے اس بیان پر کہ کے پی میں اقرباء پروری نہیں ہوتی اور ہر کام میرٹ پر ہوتا ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی میں ٹھیکوں کا فیصلہ جہانگیر ترین کرتے ہیں جو ان کے میرٹ پر پورا ہوتا ہے اسے ٹھیکہ دیا جاتا ہے۔ ملک میں کہیں بھی میٹرک پاس کو ڈاکٹر نہیں لگایا جاتا مگر کے پی میں عمران نیازی کے میرٹ کے مطابق میٹرک پاس کو ڈاکٹر لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالم جبہ سمیت تمام سیاحتی مقامات بغیر ٹینڈر کے اپنے فرنٹ مین کو دئیے گئے ہیں۔ پختونخوا کے ہسپتالوں میں ادویات نہیں ملتی بس صرف پشاور میں عمران نیازی کا ذاتی ہسپتال بن چکا ہے۔ یہ عمران نیازی کا صحت کے ساتھ انصاف ہے۔ سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ جعلی خان نے کے پی میں احتساب بیورو کے دروازے پر تالے لگا دئیے ہیں۔ جس دن نیب نے پختونخوا کا رخ کیا تو نہ صرف عمران نیازی کے فرنٹ مین پرویز خٹک اینڈ کمپنی کی کرپشن کے راز فاش ہوں گے بلکہ عمران نیازی پرویز خٹک کے ساتھ جیل کی ہوا کھائیں گے۔