دنیا بھر کے مذہبی رہنما دہشت گردی کے خاتمے اور امن عالم کیلئے مشترکہ جہاد کریں، ڈاکٹر مصطفی قذوینی
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں مسلم کونسل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی قذوینی نے دنیا بھر کے مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن عالم کے لئے مشترکہ جہاد کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاریخ و آثار شناسی پاکستان کے زیر اہتمام پرسٹن یونیورسٹی اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کے موضع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ دنیا کے تمام مذہبی رہنما ہر طرف جنگ و جدل اور قتل و غارت کا الزام میڈیا کی غلط تشہیر پر عائد کرتے ہیں حالانکہ یہ سراسر غلط ہے۔ انہوں نے کہا میڈیا ایک آئینہ ہے جو کچھ معاشرے کی شکل ہوگی وہ سامنے لائے گا۔ انہوں نے عالمی امن اور پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ تقریب سے انجمن تاریخ و آثار شناسی پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی امریکہ کی ثقافتی اتاشی میرین میونخ،پرسٹن یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر اللہ ودھایو اور آغا علی پویا نے بھی خطاب کیا۔