وفاقی اور صوبائی لا افسروں کی تقرریوں کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی اور صوبائی لاء افسروں کی تقرریوں کیخلاف دائر درخواست کے قابل سماعت سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواست گزار مقامی شہری احمد شیر خان کی درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی اور صوبائی لاء آفیسروں کے تقرر یوں کو چیلنج کیا گیا. دوران سماعت درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ سپریم کورٹ نے محکموں میں ہر قسم کی تقرریاں میرٹ پر کرنے کا حکم دیا ہے اور اس مقصد کیلئے تقرر سے پہلے اخبارات میں تشہیر کا حکم دیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ پبلک پراسیکوشن ڈیپارٹمنٹ میں تقرریاں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ہوئیں لیکن اٹارنی آفس میں لا افسروں کی تقرریاں سیاسی بنیادوں پر کی گئی ہیں۔ درخواستگزار نے استدعا کی کہ وفاقی اور صوبائی لاء افسروں کی تقرریاں کو کالعدم قرار دیا جائے۔