چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ کا زبانی بیان مسترد،عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ بذریعہ درخواست داخل کرانے کی ہدایت
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے چئیرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے متعلق زبانی بیان کو مسترد کر دیا اور ہدایت کی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ بذریعہ درخواست داخل کیا جائے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے عبدالشکور اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں عدالتی حکم کے باوجود بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں درجہ ایک سے گیارہ کے ملازمین کو نوکریوں پر مستقل نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے عدالتی حکم پر چئیرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم پر تمام ملازمین کو مستقل کر دیا گیا جس پر عدالت نے چئیرمین بورڈ کا زبانی بیان مسترد کردیا اور ہدایت کی کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد رپورٹ بذریعہ درخواست ہائیکورٹ داخل کی جائے جس کی کاپی درخواستگزار وکیل ایڈووکیٹ کو بھی فراہم کی جائے عدالت نے درخواستگزار کے وکیل سے کہا کہ وہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد رپورٹ کو جائزہ لیں اور ضروری سمجھیں تو اس پر اعتراضات داخل کریں عدالت نے چئیرمین بورڈ کی آئندہ سماعت پر حاظری کے لیے استثنٰی کی درخواست بھی مسترد کردی۔