گوجرانوالہ میں دودھ، دہی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)شہر میں دودھ اور دہی کی قیمتوں کو پر لگ گئے ‘ انتظامیہ خاموش‘ دکانداروں کی بدستور لوٹ مار جاری۔ گوجرانوالہ شہر کے مختلف علاقوں حافظ آباد روڈ ، نوشہرہ روڈ ، گوندلانوالہ روڈ ، ماڈل ٹائون، سیٹلائٹ ٹائون پیپلز کالونی ،اروپ ٹائون ، حیدری روڈ سمیت مجموعی طور پر پورے شہر میں دکاندار دودھ100روپے اور دہی 110روپے کلوتک فروخت کر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے انسانی زندگی کیلئے دودھ اور دہی جیسی بنیادی ضرورت کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافے پر انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے جبکہ عوام نہ چاہتے ہوئے بھی دوکانداروں کو ان کی من مرضی کی قیمت ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ‘ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں دودھ دہی کی سرکاری قیمتوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کرکے شہریوں کو دکانداروں کے ہاتھوں لٹنے سے بچایا جائے۔