کتاب سے محبت کے کلچر کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے: ڈاکٹر ذکریا ذاکر
لاہور (لیڈی رپورٹر) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر ذکریا ذاکر نے کہا ہے کہ مطالعے کی عادات کو فروغ دینے کیلئے کتابوں سے محبت کے کلچر کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے جس کیلئے ریاستی سطح پر سستی کتب کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ انفارمیشن مینجمنٹ کے زیر اہتمام یونیورسٹی لائبریری کے اشتراک سے ورلڈ بک اینڈ کاپی رائٹ ڈے پر ’شخصیت سازی میں مطالعہ کا کردار‘ کے موضوع پر الرازی ہال میں منعقدہ سیمینارسے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پرنسپل اورینٹل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فخر الحق نوری، ڈاکٹر فوزیہ وقار، ڈاکٹر کنول امین، شاعر رحمان فارس، ڈاکٹر محمد ہارون عثمانی، فیکلٹی ممبران، لائبریرینز اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ڈاکٹر فوزیہ وقار نے کہا کہ پاکستان میں مطالعے کی عادات ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہورہی ہیںجبکہ ہمارے روئیے، جذبات، برداشت، احساسات اورآگاہی کا گہر اتعلق کتب بینی سے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کتب بینی سے مثبت سوچ پید اہوتی ہے جو اچھی زندگی کی ضامن ہے ۔ ڈاکٹر فخر الحق نوری نے کہا کہ علم کی ترویج کیلئے طلبہ سے زیادہ اساتذہ کو کتب بینی کا شوق ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر کنول امین نے کہا کہ ادب، ناول و دیگر لٹریچر پڑھنے سے ذہنی سکون حاصل ہوتا ہے نیز کتب بینی سے معاشرے کے چھپے پہلو جاننے کا موقع ملتا ہے۔