بقائے اسلام کیلئے حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد رہنمائی کا مینار ہے: ساجد نقوی
لاہور (خصوسی نامہ نگار) اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ خاندان رسالت کے ہر فرد کا اسوہ رہتی دنیا تک نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خانوادہ عصمت و طہارت نے دین اسلام اور عالم انسانیت کے تحفظ‘ استحکام اور بقاء کے لئے نامساعد حالات اور کٹھن مراحل کی پرواہ کئے بغیر ہر دور میں اپنی سیرت اور عمل و کردار کے ذریعہ ایسے انمٹ نقوش چھوڑے جو آج بھی سسکتی اور بھٹکتی ہوئی انسانیت کی نجات کا سامان فراہم کررہے ہیں۔ نواسہ رسول اکرم ؐ امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام اور پسر امیر المومنین حضرت عباس ؑ کی ولادت باسعادت سے منعقدہ محفل میلاد سے خطاب میں علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول اکرم ؐ حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین حق کے غلبے‘ اسلامی شعائر و اقدار کے فروغ‘ بقائے اسلام‘ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے لئے ایسی لہو رنگ جدوجہد کی جو تاقیامت ہر حریت مند اور صاحب عمل کے لئے رہنمائی کا مینار قرار پاتی رہے گی۔ حضرت امام حسینؓ کی ذات گرامی جملہ اوصاف حمیدہ کی حامل ہے۔ آپ کی سیرت کا ہر پہلو عالم انسانیت کی رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔