ماہرہ خان بھی جنسی ہراسانی کیخلاف بول پڑیں
ملتان (شوبز ڈیسک)نامورپاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے میشا شفیع کی جانب سے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزام پر کہا ہے کہ اس مسئلے پر سنجیدگی سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا سنگین الزام لگایا تھا۔ میشا شفیع کے الزامات کے بعد سوشل میڈیا پر دیگر فنکاروں کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے میشا شفیع یا علی ظفر کا نام لیے بغیر سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی جیسے سنجیدہ معاملے پر تبصرے کرنے والے لوگوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بیمار ذہنیت والے اس معاملے پر تبصرہ کررہے ہیں جس سے ظاہر ہے کہ مسئلہ دراصل ان کے دماغوں میں ہے۔ اگر ہم اس معاملے کو تبصرے کرکے کمزور کرتے رہیں گے تو یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔