صد ر ممنون شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت ممنون حسین 10جون کو چین میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق چونکہ موجودہ حکومت اگلے ماہ اپنی مدت مکمل کرکے تحلیل ہو جائے گی تو دس جون کو ملک میں نگران حکومت ہوگی، اس لئے صدر ممنون حسین سربراہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ قومی امکان ہے کہ اس سربراہ کانفرنس میں بھارت کے وزیر اعظم نریندرا مودی بھی شریک ہوں گے ۔ صدر مملکت کے ذریعہ اس کانفرنس میں ملک کی نمائندگی کے ذریعہ پاکستان یہ پیغام دے گا کہ وہ شنگھائی تعاون تنظیم اور اس کی سرگرمیوں کو بے حد اہمیت دیتا ہے۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ اس سربراہ کانفرنس میں چین اور روس کے صدور بھی شریک ہوں گے اور لازماً کانفرنس کی سائیڈ لائن پر دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہونگی جس کے باعث فیصلہ کیا گیا کہ نگران وزیراعظم کے بجائے صدر ممنون حسین اس سربراہ کانفرنس میں ملک کی نمائندگی کریں گے۔