علی جہانگیر کی سفیر نامزدگی کیخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ نے وفاق سے جواب طلب کر لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کاروباری شخصیت علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں سفیر کی حیثیت سے نامزدگی کیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے شق وار جواب طلب کرلیا ہے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا علی جہانگیر صدیقی کو سفارتکاری کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے مامون رشید شیخ نے بیرسٹر جاوید اقبال جعفری کی درخواست پر سماعت کی جس میں علی جہانگیر صدیقی کی نامزدگی پر مختلف اعتراض اٹھاتے ہوئے اسے چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کیا گیا اور اس نامزدگی میں قواعد کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے الزام لگایا کہ ایک عہدے پر نامزدگی کیلئے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی علی جہانگیر صدیقی کی امریکہ میں سفیر کی حیثیت سے نامزدگی کو کالعدم قرار دیا جائے۔