;پنجاب اور سندھ میں اقربا پروری کا راج‘ جی حضوری پر تقرریاں ہوتی ہیں : عمران
اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی آئی جی اور چیف سیکرٹری کی تعریف کو سراہتا ہوں‘ میرٹ پر اہل افسر تعینات کئے جائیں تو موثر کام ہوتے ہیں۔ ٹوئٹر پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ خیبر کے پی میں پولیس اور انتظامیہ موثر انداز سے اپنا کام کر رہی ہے۔ کے پی کے کے برعکس پنجاب اور سندھ میں اقربا پروری کا راج ہے۔ بھرتی‘ تعیناتی‘ وفاداریاں اور ہاں میں ہاں ملانے والوں کی ہوتی ہیں۔ ذاتی تعلقات اور جی حضوری کی بنیاد پر تقرریاں کی جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ پنجاب اور سندھ میں پولیس اور انتظامیہ کی مکمل بربادی دکھائی دیتی ہے۔ سہولتیں بہتر بنانے کے لئے مزید فنڈز اور توجہ دینی چاہئے۔ ہم مزید بہتری کے لئے اقدامات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ نئے ادارے بنانا پرانے اداروں کو ٹھیک کرنے سے زیادہ آسان ہے۔ خیبر پی کے کی طرح قابل افسران کو لگایا جائے تو وہ موثر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ پشاور میں سہولیات کے فقدان خصوصاً سیوریج کے نظام میں کلیدی اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس بارے کمیں چیف جسٹس کے ریمارکس کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ ان سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمیں زیادہ توجہ اور وسائل مہیا کرنے چاہئے تھے۔ ہم نے ابھی پشاور میں جدید سہولیات سے آراستہ شوکت خانم تعمیر کیا، لیڈی ریڈنگ بہتر نہیں ہوا تو 30 ڈاکٹرز نوکریاں چھوڑ کر باہر سے یہاں کیوں آئے؟ چیف جسٹس کیلئے دو سوال اہم ہیں۔ خیبر پی کے کی حالت 5 سال پہلے سے بہتر ہے یا نہیں، خیبر پی کے والے 5 سال پہلے سے زیادہ مطمئن ہیں یا نہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان آج 3 روزہ دورے پر لندن روانہ ہوں گے۔ وہ لندن میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے خطاب، پی ٹی آئی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
عمران