دہشت گردی نے بلوچستان کو تعلیم کے شعبے میں بہت نقصان پہنچایا، بزنجو
کوئٹہ (نمائندہ نوائے وقت )وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان حالت جنگ میںرہا ہے، دہشت گردی نے تعلیم کے شعبہ کو بہت نقصان پہنچایاجبکہ ماضی میں تعلیم کا شعبہ سیاست کی نذر اور حکومتوں کی عدم توجہی کا شکار بھی رہا جس سے بلوچستان تعلیم کے شعبہ میں دیگر صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا تاہم اب صورتحال بہتر ہے حکومت اپنی بساط کے مطابق اس شعبہ کی ترقی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےAmerican Lycetuff Pre-School کی منیجنگ ڈائریکٹر میڈم ذیشان ضیاء راجہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر سردار سرفراز ڈومکی اورچیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیم ذیشان ضیا راجہ نے وزیر اعلیٰ کو اپنے ادارے کے حوالے سے بریفینگ دی اور بلوچستان میں تعلیم کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ماضی میں تعلیم کے شعبہ کو مکمل نظراندازکیا گیا، تعلیمی اداروں میں بھرتیاں میرٹ کی بجائے سیاسی بنیادوں پرہونے کی وجہ سے میرٹ کا استحصال ہوا اور قابل اور ذہین لوگ سامنے نہیں آ سکے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو وسیع رقبہ ، منتشر آبادی اور وسائل کی کمی کی وجہ سے مختلف چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ستر کی دہائی میں باہر سے آئے ہوئے اساتذہ کو بے دخل کیا گیا اور گذشتہ ایک دہائی سے جاری انسرجنسی نے تعلیم کے شعبے کو بہت نقصان پہنچایا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت کی کوشش ہے کہ تعلیم کے شعبہ کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جائے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی نے کہا ہے کہ زندگی کے نشیب وفرازنے دوسروں کی خدمت کا سلیقہ سکھایا ہے۔معاشرتی بگاڑ سے مایوس نہیں سیاست عوام کی خدمت کا نام ہے ۔ صوبے میں آباد افراد کے درمیان رابطوں کا فقدان معاشرتی مسائل میں اضافہ کی اہم وجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب اور سول ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی کا کہنا تھا کہ معاشرتی بگاڑ کی وجہ سے صوبے سے قابل افراد مایوس ہوکر بیرون ملک اور دیگر صوبوں کو منتقل ہورہے ہیں ۔ ذہین افراد کا بلوچستان کو تیزی سے چھوڑ کر جانا ہماری آئندہ نسلوں کے لیے نیک شگون نہیں ہے۔
عبدالقدوس بزنجو