مقبوضہ کشمیر: طلبا کے مظاہرے، فورسز کی شیلنگ، پیلٹ فائرنگ، 18 افراد زخمی
سرینگر(کے پی آئی )مقبوضہ کشمیرمیں بیشتر کالج اور ہائر سکینڈری سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہنے کے باوجود کمسن آصفہ کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف وادی میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ اس دوران شوپیاں میں بدترین تشدد بھڑک اٹھا جس کے دوران شیلنگ اور پیلٹ سے 18 افراد زخمی ہو گئے۔ دیگر علاقوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت 6طلباء زخمی ہوئے۔ ادھر سرینگر میں خواتین کے مصروف ترین بازار گونی کھن میں دکانداروں اور تاجروں نے احتجاجی مارچ کیا۔ جنوبی کشمیر میںکھٹوعہ عصمت ریزی و قتل واقعہ کے خلاف ضلع شوپیاں میںطلباء بڑے پیمانے پر سڑکوں پر نکل آئے ، اس دوران پر تشدد تصادم آرائیاں ہوئیں۔ شیلنگ اور پیلٹ سے قریب 18افراد زخمی ہوئے جن میں کئی کو سرینگر منتقل کیا گیا۔قصبہ میں بڑی تعداد میںطلباء نے پہلے احتجاجی مارچ کیا۔پھر سکول کے مین گیٹ پر جمع ہوئے اور نعرے بازی کی۔ اس دوران مظاہرین نے گول چوک میںسبز ہلالی پرچم بھی لہرایا۔جنوبی کشمیر کے ترال میں گزشتہ روز طالبات پر ٹیر گیس شیلنگ کرنے کے خلاف دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی۔ ہڑتال سے معمولات کی زند گی بری طرح متاثر رہی۔قصبے میں تمام کار باری ادارے بند رہے جبکہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری بھی کم رہی۔اقوام متحدہ کی خواتین کو بااختیار بنانے کے ادارے کے سربراہ نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ساتھ غیرانسانی رویئے کی مذمت کی ہے۔اقوام متحدہ کی انڈرسیکرٹری جنرل اورخواتین کے ادارے کی ایگزیکٹوڈائریکٹر Plumzile Mlambo Ngcuka نے کہا قانون کی بالادستی کے ذریعے انسانی حقوق کاتحفظ اقوام متحدہ کابنیادی اصول ہے۔بھارتی حکومت کو چاہیے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔ مشترکہ حریت قیادت علی گیلانی،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے ریاست میں بھارتی افواج اور انتظامیہ کے ہاتھوں وسیع پیمانے پر شہری آبادی کے خلاف قتل وغارت، جنسی زیادتیوں اور زیرِ حراست قیدیوں پر جسمانی تشدد ڈھائے جانے والے بدترین قسم کے جنگی جرائم کی تحقیقات اقوامِ متحدہ کے جنگی ٹربیونل کے ذریعے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری طرف کٹھوعہ کے وکلاء کی طرف سے بدسلوکی کئے جانے کے معاملہ کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کی طرف سے بار کونسل آف انڈیا کی 5رکنی ٹیم نے گزشتہ روز کٹھوعہ ضلع عدالت کا دورہ کر کے اس معاملہ میں وکلاء کے موقف کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کپواڑہ کے رہائشی کارکن فاروق احمد بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اور مختلف امراض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
کشمیر