کراچی کے اصل حقائقاجاگر کرنے تاجروں کا کردار خوش آئند ہے محمد زبیر
کراچی (وقائع نگار )گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ روشنیوں کے شہر کراچی میں مکین آزادانہ ماحول میں سیاسی ، سماجی ، معاشی ، اقتصادی ، تجارتی ، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ، مشکل حالات میں معاشی سرگرمیوں کو جاری رکھنے والے تاجروں کا مثبت سرگرمیوں کے ذریعہ شہر کے اصل امیج کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے متحرک ہونا خوش آئند ہے ۔ انہوں نے شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کے اشتراک سے آل سٹی تاجر اتحاد اورسندھ پولیس کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ کے انعقاد سے شہر کا مثبت امیج اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں آل سٹی اتحاد کے صدر حماد پونا والا کی قیادت میں آنے والے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ اس موقع پر پولیس کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر ایس ایس پی عمر شاہد اور ایس پی سٹی شہلا قریشی بھی موجود تھی۔ ملاقات میں شہر کے ساز گار ماحول ،اصل حقائق دنیا کے سامنے لانے کے لئے تاجروں کی تجاویز، شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے سماجی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے کردار،شہر میں جاری معاشی و اقتصادی سرگرمیوں، سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، کھیلوں کے فروغ ، پولیس عوام کے مابین تعاون کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنرسندھ نے مزید کہا کہ 2013 ء میں مشکل حالات میں صنعت کار ، تاجر اور کاروباری سرگرمیوں سے وابستہ افرادمشکل زندگی گذار رہے تھے لیکن حب الوطنی کے جذبہ نے انھیں معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو جاری رکھنے پر راغب کیا ،ان کی گراں قدر خدمات کے باعث ہی ملکی معیشت دوبارہ مستحکم ہو گئی ،شہر میں امن و امان کے قیام ، مستحکم معیشت اور سیاسی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی ، کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں کے پروان چڑھنے سے کراچی ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بن رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آل سٹی تاجر اتحاد کی جانب سے کراچی کے اصل تاثر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لئے عید الفطر کے بعد شہر میں تاجروں اور پولیس کی کرکٹ ٹیموں کے مابین میچ جس میں شو بز سے تعلق رکھنے والے افراد دونوں جانب سے شرکت کرینگے خوش آئند ہے ، میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب میں شوبز کے افراد اپنی صلاحیتوں سے شہر کے تشخص کو اجاگر کرینگے۔