کراچی: سٹاک مارکیٹ‘ ایک ہفتہ کے دوران سرمایہ کاری میں ساڑھے 45 ارب سے زائد کمی
کراچی(مارکیٹ رپورٹر) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے کے دوران مندی پر کے ایس ای 100انڈیکس 83.07پوائنٹس کمی پر18700 کی نفسیاتی حد برقرار نہ رکھ کر18631.21پرپہنچ گیا۔ ہفتے کے دوران سرمایہ کاری میں45ارب 59کروڑ روپے کمی کے باعث کاروبار میں مندی کا رحجان رہا تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوران سیاسی حالات میں غیریقینی کیفیت‘ ملکی معیشت کی بدحالی‘ غیرملکی سرمایہ کا انخلاء ‘بیشتر کمپنیوں کے منافع میں تاخیر‘ خریداروں کی عدم دلچسپی اور ہفتے کے دوران کاروباری حجم میں 81.82کروڑ حصص کے سودوں میں قدرے اضافہ ہونے کے باعث سرمایہ کاروں نے موجودہ حالات میں سرمایہ کاری سے محتاط رہ کر اپنی بقیہ ماندہ پونجی سرمایہ کاری کے انخلاءکی کوششوں میں بیشتر حصص اونے پونے داموں فروخت کردیئے جس کے نتیجے میں ہفتے کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس 83.07 پوائنٹس کمی پر18631.21 کی نچلی سطح پر آگیا۔ اس طرح ہفتے کے دوران سرمایہ کاری میں 45ارب 59کروڑ 61لاکھ 92ہزار624 روپے کمی پر مجموعی سرمایہ کاری مالیت گرکر45کھرب 55ارب 80کروڑ 46لاکھ 54ہزار550روپے رہ گئی گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں رواں ہفتے 81کروڑ 82لاکھ 71ہزار840حصص کے سودوں میں قدرے زائد اضافہ رہا ہفتے کے دوران مارکیٹ میں دوروزہ مندی اورتین روزہ تیزی بھی ریکارڈ کی گئی ہفتے کے دوران مارکیٹ میں سرگرم حصص کادائرہ کار1739کمپنیوں تک رہا اس میں 721 کمپنیوں کی قیمتوں میں اضافہ‘918میں کمی اور100کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔