مسلم لیگ ن توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے منصوبہ بندی کر چکی:پرویز ملک
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن لاہور کے صدر اور این اے 123 امیدوار ملک پرویز نے کہا ہے مسلم لیگ ن کے سربراہ دن میں اٹھارہ بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ اور صنعتوں کو گیسبندش کی وجہ سے پیدا ہونے والی شدید مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور قومی انتخابات کے بعد توانائی کے سنگین بحران کو جڑ سے اکھاڑنے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔ موجودہ بحران پیپلز پارٹی حکومت کی بدترین کرپشن کا نتیجہ ہے۔ مسلم لیگ حکومت ملنے کے بعد رینٹل سکینڈل کے ذمہ داروں اور کرپشن ملوث عناصر کو گرفتار کرکے سخت سزا دے گی۔ پرویز ملک نے اپنے حلقہ کی کاٹیج انڈسٹری کے 24 رکنی وفد سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ پی پی 144 کے لئے مسلم لیگ ن کے امیدوار باﺅ اختر اور ورکرز کی ایک بڑی تعداد موقع پر موجود تھی۔ کاٹیج انڈسٹری کے وفد نے پرویز ملک کو آگاہ کیا کہ دن میں سولہ بیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے ان کے کاروبار کوتالے لگا دیئے ہیں اور وہ اب بے روزگار ہو کر گھروں میں بیکار بیٹھے ہیں۔