فیصل آباد: شارٹ سرکٹ کے باعث گھر میں آگ لگ گئی،3بچے جاں بحق
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد میں شارٹ سرکٹ سے ایک گھر میں بڑھکنے والی آگ نے تین معصوم بچوںکی زندگیاں نگل لیں‘ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی اورشیر خواربچہ بھی شامل ہے۔ جبکہ فائر فائٹر سمیت دو افراد بھی بری طرح جھلس گئے۔ فیصل آباد کے محلہ رضا آبادکے مین بازار نمبر 1میں واقع محمد اسلم کے گھرمیںشارٹ سرکٹ کی وجہ سے الصبح آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پھیلنے سے گھر میں سوئے ہوئے محمد اسلم کا 5سالہ بیٹا جاوید اسلم ‘ 8سالہ بیٹی لائبہ اسلم اور ان بچوں کا 6ماہ کاکزن برہان کاشف آگ سے بری طرح جھلس کر اپنی زندگیوں کی بازی ہار گئے۔ آگ بڑھکنے سے محمد اسلم کابھائی 35سالہ اکرم عطا محمد اور ریسکیو فائر فائٹر رےحان نوید بھی جھلس گئے جنہیں الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کردیاگیا ہے ۔آگ سے گھر میں موجود قیمتی سامان جل کرراکھ کا ڈھیر بن گیا ۔ ریسکیو کے فائر فائیٹرز نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا جبکہ حادثہ کے بعد متاثرہ خاندان کی خواتین پرغشی طاری ہوگئی اور پورا علاقہ معصوم بچوں کی ہلاکت پر سوگوارہوگیا۔