امریکہ کا پاکستان میں ڈرون حملے بند کرنے سے پھر انکار....ڈرون پروگرام ترک نہیں کرینگے‘ دیکھا جائے گا کہ اسے کس طرح آگے بڑھایا جائے

21 اپریل 2011
اسلام آباد (رائٹر + آئی این پی ) امریکہ نے پاکستان میں ڈرون حملے بند کرنے سے ایک بار پھر انکارکر دیا ہے، اسلام آباد میں موجود ایک امریکی اہلکار نے نام نہ ظاہرکرنے کی شرط پر بتایاکہ امریکہ پاکستان میں ڈرون پروگرام ترک نہیں کرے گا تاہم یہ پروگرام کس طرح آگے بڑھایا جائے گا ؟یہ امریکہ اور پاکستانی انٹیلی جنس کا معاملہ ہے فوجی حکام ڈرون حملوںکے حوالے سے پرعزم ہیں۔ واضح رہے امریکی اہلکارکی جانب سے یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا جب ایڈمرل مائیک مولن پاکستان کے دورے پر ہیں۔ امریکہ اس سے قبل بھی ڈرون حملوں کی بندش سے متعلق پاکستان کا مطالبہ مسترد کر چکا ہے۔ پاکستان کا مو¿قف ہے کہ ڈرون حملے دہشت گرد ی کے خلاف جاری کوششوں کےلئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں ان حملوں میں بے گناہ شہری نشانہ بنتے ہیں جس سے دہشت گرد لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں تاہم امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ ڈرون کارروائیوں میں اب تک بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک کیاگیا ہے۔