وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ تونسہ بیراج کا منصوبہ پنجاب کے عوام کے لئے چین کی حکومت اورعوام کا ایک یاد گارتحفہ اور پاک چین دوستی کی روشن مثال ثابت ہوگا

21 اپریل 2011 (14:58)
چین کے صوبے ہیوبائی میں پن بجلی کے دنیا کے عظیم ترین منصوبے تھری گورجس ڈیم کے تفصیلی دورے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ بجا طور پردنیا کا آٹھواں عجوبہ قرار دیا جا سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ہم چینی مہارت سے فائدہ اٹھائیں، اس کے بعد شہبازشریف اوران کے وفد کے اعزاز میں کیمونسٹ پارٹی کے رہنماؤں نے استقبالیہ دیا، اس موقع پر وزیراعلی ٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وہ زراعت، لائیو سٹاک، سڑکوں کی تعمیر، پن بجلی اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کا پروگرام لے کر چین آئےاور انہیں خوشی ہے کہ وہ اس میں کامیاب رہے۔ دوسری طرف چین کی کیمونسٹ پارٹی کے مقامی رہنما لی یا لونگ نے کیمونسٹ پارٹی کی طرف سے پنجاب کے انفراسٹرکچر، زراعت، کلچر، لائیوسٹاک، مواصلات اور دیگر شعبوں کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔