
عدالت نے اینٹی کرپشن کی جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق پرویز الہٰی پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے 2 مقدمات درج ہیں، پرویز الہٰی پر پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں پر اختیارات کا غیر قانونی استعمال اورمحمد خان بھٹی کو پرنسپل سیکریٹری تعینات کرنے میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے مقدمات درج ہیں۔
اینٹی کرپشن نے دونوں مقدمات میں14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کررکھی تھی، جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے محفوظ فیصلہ سنایا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چودھری پرویز الہی کے وکلا کا کہنا تھا کہ چودھر ی پرویزالہٰی کو عدالت نے جوڈیشل کیا ہے، پرویز الہٰی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔
جبکہ اینٹی کرپشن حکام نے کہا کہ چودھری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن مقدمہ میں جوڈیشل کیا ہے، پرویز الہٰی کو لاہور جیل منتقل کیا جائے گا۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔
پرویز الہٰی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس ابھی نہیں کرنی۔
انہوں نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے غلط شرائط پر قرض لیے، ملک میں مزید بے روز گاری ہونے جارہی ہے، افغانستان جیسا ملک ہم سے آگے جارہا ہے۔